علی گڑھ ،: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)کے شعبہ ¿ دینیات (سنّی) کے استاد ڈاکٹر مفتی زاہد علی خاں نے کیرالہ کے معروف ادارے مرکز تربیت الاسلامیہ میں منعقدہ بین الاقوامی فقہ کانفرنس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔
ڈاکٹر زاہد علی خاں نے کانفرنس میں مسلم عائلی قوانین اور ہندوستانی یکساں سول کوڈ سے اس کے اختلافات موضوع پر ایک مقالہ پیش کیا ،جس میں انھوں نے تکثیری سماج میں مسلم پرسنل لاءاور اس کی معنویت کو واضح کیا۔ انھوں نے کہاکہ ہندوستان متعدد افکار، نظریات اور تہذیب و تمدن کا سنگم ہے، اس لئے ہر مذہب اور فکر سے وابستہ شخص کے پرسنل لاءکے تحفظ اور اس پر عمل پیرا ہونے کی ملک کا سیکولر و آئینی نظام اجازت دیتا ہے۔ انھوں نے کہاکہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ملک میں بقائے باہم اور امن و امان کی فضا کو بحال کیا جائے تاکہ ہمارا سماج اور ملک ہر اعتبار سے کامیابی کے منازل طے کرسکے۔