16مارچ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)کی 18انڈر گریجویٹ طالبات کو ایک تقریب میں ’مفتی محمد کاظم میموریل اسکالرشپ‘ تقسیم کی گئی۔
جن طالبات کو اسکالرشپ سے نوازا گیا ہے ان میں بشریٰ طارق (بی ایس سی ، زولوجی)، کلثوم خلیق (بی اے، تاریخ)، ناہیدہ تبسم (بی ایس سی، جغرافیہ)، صائمہ کوثر (بی اے، سیاسیات)، سدرة المنتہیٰ (بی اے، اقتصادیات)، بریرہ مورس (بی ایس سی)، فاضلہ سرتاج (بی ایس سی، کیمسٹری)، عِرفہ (ڈپلوما، الیکٹرانکس انجینئرنگ)، حنا (آئی اے ایس کوچنگ)، کہکشاں پروین (بی ٹیک، کمپیوٹر انجینئرنگ)، نقوش فاطمہ (بی ٹیک، کمپیوٹر انجینئرنگ)، پریا شرما (بی اے، روسی زبان)، رمشا فیاض (بی ایس سی، طبیعیات)، صبا عبدالحفیظ (بی اے)، ثنا بے بی (بی کام)، طوبیٰ ارشد (بی اے-ایل ایل بی)، یسریٰ علیم (بی ایس سی) اور عروبہ سلیم (بی کام) شامل ہیں۔
نامور ماہر امراض اطفال ڈاکٹر حمیدہ طارق نے اسکالرشپ تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کی ترقی کے لئے مالی خودمختاری ایک لازمی وسیلہ ہے۔
پروفیسر نعیمہ گلریز (پرنسپل، ویمنس کالج) نے کہاکہ تعلیم یافتہ لڑکیاں اور خواتین سماج کی فلاح و بہبود اور ترقی میں اہم رول ادا کرسکتی ہیں۔
مسٹر کمال کاظم نے اسکالرشپ کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔ وہ تقریب میں محترمہ ادیبہ کمال کے ساتھ کاظم کنبہ اور اے ایم یو الومنائی کی نمائندگی کررہے تھے۔
ٹریننگ و پلیسمنٹ افسر مسٹر سعد حمید نے اس موقع پر کہاکہ یہ اسکالرشپ مفتی محمد کاظم صاحب کے کنبہ کی جانب سے تین سال کے لئے دی جاری ہے۔ طالبات کی کارکردگی کی بنیاد پر اسکالرشپ کی تجدید ہوتی ہے۔ تقریب کا اہتمام یونیورسٹی کے ٹریننگ و پلیسمنٹ دفتر کی جانب سے کیا گیا تھا۔